سرینگر//پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جنگجوﺅں کے دو اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق پولیس نے کہا کہ علاقے میں جنگجوﺅں کی نقل و حرکت کے بارے میںایک مصدقہ اطلاع کے بعد فوج ،پولیس اور سی آر پی ایف نے ہندوارہ میں ناکہ لگاکرگاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی شروع کی۔
تلاشی کے دوران چنار پارک ہندوارہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن انہوں نے فورسز کا اشارہ نظر انداز کرکے بھاگنے کی کوشش کی اور بعد میں اُنہیں تعاقب کے بعد دھر لیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت لیاقت احمد میر ولد عبد الاحد میر اور عاقب رشید میر ولد عبد الرشید میر ساکنان ہائن ترہگام، کپوارہ کے طور کی گئی ہے اور اُن کی تحویل سے اسلح و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔
دونوں کی پوچھ تاچھ سے پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ وہ لشکر طیبہ سے وابستہ ہیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کیا ہے۔