سرینگر:پولیس نے سنیچر کو کہا کہ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے دوران دوسرا جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے ۔
اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ اس معرکہ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے۔
یہ معرکہ ضلع بارہمولہ میں سوپور کے وارہ پورہ، ملما پنپورہ میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق فورسز نے یہاں جنگجوئوں کے چھپے ہونے کے بارے میں مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کیا تھا جس کے دوران معرکہ آرائی پیش آئی ۔
پولیس کے مطابق فورسز آپریشن کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین میں گولیاں چلیں۔
اس آپسی فائرنگ میں اب تک دو جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ آخری اطلاعات ملنے تک فورسز کا آپریشن جاری تھا۔
پولیس نے تاہم ابھی جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت نہیں کی ہے۔