سرینگر//پولیس نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں تین افراد کو جنگجوﺅں کی ایما پر پاکستانی قومی پرچم لہرانے کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ” حاجن پولیس تھانے کو اطلاع ملی کہ لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجوﺅں کی ایما پر حاجن بازار میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا ہے تاکہ لوگوں کے اندر خوف پیدا کیا جاسکے “۔
اس ضمن میںایف آئی آر نمبر35درج کرکے تحقیقا ت شروع کی گئی جس کے دوران تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں مجیب شمس،تنویر احمد میر اور امتیاز احمد شیخ ساکنان میر محلہ حاجن شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ تینوں نے اس بات کا اقرار کیا ہے کہ انہوں نے ہی پاکستانی جھنڈا لہرا یا تھا۔پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے ایک گرینیڈ،ایک سلائی کی مشین اور دیگرا قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا ۔