سری نگر// شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کئی سیکٹروں بالخصوص اوڑی، کیرن اور گریز میں جمعہ کو ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فورجی اہلکار اور تین عام شہری ہلاک ہوگئے۔کراس ایل او سی کے واقعات میں تین فوجی اہلکاروں اور ایک شہری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فوج نے تین اہلکاروں کے ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ۔
پولیس ذرائع نے تین شہریوں کے ہلاک اور کم سے کم ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
اطلاعات کے مطابق کراس ایل او سی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں رہائشی علاقے خوفناک دھماکوں سے لرز اٹھے اور کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گریز علاقے میں ایل او سی پر بلا کسی اشتعال کے شدید گولہ باری شروع کر دی جس سے ازمرگ اور بگٹور علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ گولہ باری کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری اس قدر شدید تھی ہے کہ دور افتادہ علاقوں میں بھی دھماکوں کی گرج سنائی دیتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کئی گولے بستیوں میں بھی گر گئے لیکن کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے کے حاجی پیر اور کمل کوٹ سیکٹروں میں بھی طرفین کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اوڑی کے حاجی پیر اور کمل کوٹ سیکٹروں میں ایل او سی پر بغیر کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر شدید گولہ باری کی ۔