سرینگر/شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک ہی گھر کے تین افراد سمیت پانچ شہریوں کو زہریلی چائے پینے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا۔
یہ واقعہ ضلع کے کنزر علاقے میں گذشتہ اتوارکوپیش آیا جب ایک80سالہ خاتون نے اپنے شوہر بیٹے اور دو ہمسایوں کیلئے چائے تیار کرتے ہوئے کسی زہریلی شے کو چائے کی پتی سمجھ کر استعمال کیا۔
سٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او) کنزر بشارت احمد کے مطابق خاتون سمیت جن پانچ افراد نے چائے استعمال کی تھی، اُنہیں ضلع کے ماگام اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے اُنہیں جے وی سی بمنہ منتقل کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق جن افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اُن میں عبد الغنی صوفی، اُن کی اہلیہ ساجہ، اُن کا بیٹا فاروق احمد صوفی، غلام قادر وازہ اور غلام محمد وانی ساکنان اتکو دھوبی ون شامل ہیں۔