بانڈی پورہ //شمالی کشمیرمیں ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں جمعرات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں 2 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گریز سیکٹر دھرمٹ پکٹ کے نزدیک نائل نالے کیجنگل میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کے بعد 36آر آرنے گذشتہ شام مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگل میں جمعرات کی صبح فورسز اور جنگجوؤں کا آمنا سامنا ہوا۔ ’ سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کو خودسپردگی کی پیش کی، لیکن انہوں نے یہ پیشکش ٹھکراتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ جنگل میں جاری جنگجو مخالف آپریشن میں تاحال 2 جنگجوؤں کو جاں بحق کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا ’آخری اطلاعات ملنے تک جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا‘۔ جنگجوؤں کو آبادی والے علاقوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری مسلح تصادم کے علاقہ کنڈلون جنگل روانہ کردی گئی ہے۔ جس جگہ تصادم ہوا وہ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ ڈیم سے لگ بھگ دو کلو میٹر دوری پر واقع ہے ۔اطلاعات کے مطابق ایک ہفتے قبل دراندازوں کا ایک بڑا گروپ گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پارکرنے میں کامیاب ہوا ہے ۔