عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ // سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ(روڈز اینڈ بلڈنگز) بھوپندر کمار نے بدھ کو بارہمولہ میں تعمیرات عامہ کے شمالی کشمیر زون کی کارکردگی اور کام کاج کے علاوہ زیر تکمیل کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں انہوں نے ایک میٹنگ میں ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، چیف انجینئر کشمیر، سپرانٹنڈنٹ انجینئروں، ایگزیکٹیو اِنجینئروںاور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری نے بارہمولہ، کپوارہ اور بانڈی پورہ اَضلاع پر مشتمل شمالی زون میں نبارڈ، پی ایم جی ایس وائی، آر آئی ڈی ایف اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے تحت کئے جانے والے تمام کاموں کا جامع جائزہ لیا اور تمام میگا جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی کامیابیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے شمالی کشمیر زون میں پیش رفت اور کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسروں سے کہا کہ وہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوام کے فائدے کے لئے شروع کئے گئے تمام بڑے پروجیکٹوں کو شروع کرنے سے پہلے دو سال کی مقررہ ڈیڈ لائن ہونی چاہئے۔
دریں اثناء سیکرٹری موصوف نے افسروں پر زور دیا کہ وہ دیگرمتعلقہ محکموں کے ساتھ ہم آہنگی اورتال میل برقرار رکھیں تاکہ کام کی رَفتار میں حائل تمام رُکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔بھوپندر کمار نے افسروں پر مزیدزور دیا کہ وہ تمام جاری کاموں کی نگرانی کے لئے ایک مناسب طریقۂ کار قائم کریں تاکہ مؤثر عمل آوری کے لئے چھوٹی موٹی رُکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔سیکرٹری موصوف نے پروجیکٹ کی تکمیل میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام منصوبوں میں بہترین کارکردگی کے عزم پر روشنی ڈالی اور کہاکہ بنیادی ڈھانچے کی اِن ترقیوں سے بالخصوص رابطے، رَسائی اور مجموعی طور پر بہبود کو بڑھانے میں مقامی کمیونٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔