سرینگر//پولیس نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جنگجو ﺅں کے ایک اعانت کارکو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ضلع کپوارہ کے مندی گام کرالہ گنڈ علاقے مین عمل میں لائی گئی۔
اپنے بیان میں پولیس نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مندی گام کے میوہ باغات میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق تلاشی کے دوران ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا جس نے فورسز کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی لیکن اُسے دبوچ لیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت عقیل احمد پرے ولد ولی محمد پرے ساکن مندی گام کرالہ گنڈ کے طور ہوئی ہے۔
پولیس بیان کے مطابق اُس کی تحویل سے ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔