سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔یہ واقعہ ضلع کے پلان علاقے میں گذشتہ رات دیر گئے پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ وارڈ نمبر3میں واقع ایک مکان سے رونما ہوئی جس نے آناً فاناً دو ملحقہ مکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیکر اُنہیں بھی خاکستر میں تبدیل کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ مکان تین بھائیوں کے تھے جن میں سے دو کی اقتصادی حالت بہت ہی خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ اتنی بھیانک تھی کہ مکین مشکل سے اپنی جانیں بچا سکے اور اُن کا سارا مال و اسباب جل کر خاک ہوگیا۔
شاہدین کا مزید کہا تھا کہ جس مکان سے آگ نمودار ہوئی اُس میں ایک غیر مقامی فیملی کرایہ پر رہائش پذیر تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کیلئے صرف ایک گاڑی جائے مقام پر پہنچی ۔بعد ازاں این ایچ پی سی کی ایک گاڑی بھی آگ بجھانے کیلئے پہنچی لیکن تب تک آگ نے اپنا کام کردیا تھا۔
حکام کے مطابق محکمہ مال کی ایک ٹیم جائے مقام پر پہنچ گئی ہے تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکے۔