سرینگر//فوج نے منگل کے روزدعویٰ کیا کہ انہوں نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک رامپور سیکٹر میں اسلح و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
فوج کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق30 اگست کے روز کنٹرول لائن کے نزدیک رامپور سیکٹر میں مشکوک نقل و حمل دیکھی گئی۔ یہ نقل و حمل کنٹرول لائن کے اُس پار ایک گاوں سے محسوس کی گئی اور ایسا لگا کہ کچھ لوگ کنٹرول لائن عبور کرکے یہاں کی طرف آگئے ہیں۔اس کے بعد علاقے کی نگہداشت بڑھادی گئی اورفوج نے ساتھ ہی ناکہ بندی بھی کی تاکہ در اندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔
فوج کے مطابق گذشتہ روز رامپور سیکٹر علاقے میں تلاشی آپریشن ہاتھ میں لیا گیا جس کے دوران اسلح و گولہ بارود کی بھاری کھیپ بر آمد کی گئی۔
تلاشی آپریشن کے دوران پانچ اے کے47بندوقیں بشمول میگزین،بند ڈبوں میں1254گولیاں،چھ پستول بشمول9میگزین،20گرینیڈ،2یو بی جی ایل گرینیڈ اور2ریڈیو بر آمد کے گئے۔
فوج کے مطابق یہ اسلح وہاں اس لئے چھپایا گیا تھا تاکہ بعد میں جنگجوﺅں کے معاون آکر اس کو لیجائیں اور جنگجوﺅں تک پہنچائیں۔
اس سے قبل بھی 22جولائی کو رامپورہ سیکٹر میں ہی اسی طرح کی ایک کارروائی کے دوران اسلح و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں پانچ پستول،میگزین،24گرینیڈ اور دیگر ہتھیار شامل تھے۔