محمد تسکین
بانہال// شمالی ریلوے کے زیرِ نگرانی کشمیر ریل پروجیکٹ کے تحت کٹرہ سے بانہال کے درمیان پہلی آزمائشی ریل سروس کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ یہ ریل گاڑی ہفتے کے روز تقریباً1بجکر30منٹ پر بانہال ریلوے سٹیشن پر پہنچی، جہاں چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر یو ایس بی آر ایل سندیپ گپتا، یو ایس بی آر ایل، شمالی ریلوے اور تعمیراتی کمپنیوں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔کٹرہ سے ریاسی سیکشن پر کام مکمل ہو چکا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 26 جنوری سے پہلے یا اس دن سے باقاعدہ ریل سروس شروع ہو جائے گی۔کمشنر آف ریلوے سیفٹی 7 اور 8 جنوری کو کٹرہ تا ریاسی سیکشن کی حتمی حفاظتی جانچ کے لئے دورہ کریں گے۔یہ پیشرفت کشمیر ریل پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے جموں و کشمیر کے عوام کو سفری سہولیات فراہم ہوں گی اور خطے کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔اس موقع پر چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ادہمپور سرینگر بارہمولہ ریل پروجیکٹ سندیپ گپتا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزمائشی ریل سروس اس ٹریک پر ریل ٹریفک چھوڑنے سے پہلے قواعد کا ایک حصہ ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری تک کٹرہ سے سرینگر تک ریل سروس کو شروع کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی 8 جنوری کو کمشنر آف ریلوے سیفٹی انسپکشن کیلئے آرہے ہیں اور ان کی رپورٹ کے بعد ہی مزید ریل سروس شروع کرنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ لیا جائیگا۔