نئی دلّی/جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو کی صدارت میں وگیان بھون نئی دلی میں شمالی زون کی ریاستوں کے وزراء خزانہ کی بااختیار کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ہریانہ کے وزیر خزانہ کیپٹن ابھیمانیو ، پنجاب کے وزیر خزانہ منپریت سنگھ بادل ،چندی گڈھ کے سیکرٹری فائنانس ، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ایس سی ایس مرکزی حکومت ، پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جموں وکشمیر ہیماچل پردیش اور دلی کے سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پوسٹ جی ایس ٹی دور کا مالی و وفاقی فریم ورک ، علاقائی تعاون کے شعبے ، مشترکہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور کچھ شعبے شامل ہیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے مختلف شعبوں میں شمالی زون ریاستوں کے مابین مؤثر اقتصادی اشتراک یقینی بنانے کے لئے ایک فریم ورک تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سفارشات کو بین ریاستی کونسل کے سامنے رکھا جاسکے۔میٹنگ میں اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ شمالی زون ریاستوں کی ترقی کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ سیاحت ، فضائی رابطے ، تجارت اورصنعت و حرفت اور دیگر شعبوں میں مالی وسائل کو باہمی اشتراک سے مؤثر ڈھنگ سے استعمال میںلایا جاسکتا ہے تاکہ ہر ایک ریاست کی انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقے کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایاجاسکے۔ہریانہ کے وزیر خزانہ نے شمالی زون ریاستوں کے درمیان اُن شعبوں کی نشاندہی کی جن میں یہ ریاستیں وسائل کی شراکت داری عمل میںلاسکتے ہیں ۔پنجاب کے وزیر خزانہ نے مؤثر حکمرانی اور منصوبوں پر اصلاحات ، بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کو بین ریاستی سطح پر حل کرنے جیسے معاملات کی ضرورت پر زور دیا۔ تمام ارکان نے اس بات سے اتفاق کیا کہ شمالی زون کی ریاستوں کے درمیان دیرپا اور مؤثر علاقائی اشتراک کے لئے ایک نقشِ راہ تیار کرنے کیلئے استفسار کا عمل جاری رکھا جانا چاہئے۔