راجا ارشاد احمد
گاندربل //شیر کشمیر ایگریکلچر یونیورسٹی کے شعبہ جنگلات بونہ ہامہ گاندربل میں وائس چانسلر کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا گیا۔ہفتے بھر منعقدرہنے والے ایتھلیٹ مقابلوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔ان مقابلوں کا افتتاح مہمان خصوصی پروفیسر ایم اے اے صدیقی ڈائریکٹر ایجوکیشن اور شیر کشمیر یونیورسٹی ایگریکلچر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے سربراہ پروفیسر صدیقی نے کیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں شرکا کی روز مرہ کی فلاح و بہبود میں کھیلوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا اور طلبا کی مجموعی ترقی کی تشکیل میں ان کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر صدیقی نے اپنے خطاب میں طلبا کو آگاہ کیا کہ یونیورسٹی کس طرح طلبا کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔ ان کھیل مقابلوں میں شعبہ جنگلات کے سربراہ پروفیسر ایس اے گنگو کی بھی موجودتھے جنہوں نے مہمان خصوصی اور دیگر حاضرین کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر گنگو نے طلبا میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے اہم کردار پر زور دیا۔تقریب کے دوران شعبہ جنگلات کے اسسٹنٹ پروفیسر اور اسٹوڈنٹس ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر طاہر مشتاق نے ہفتہ بھر جاری رہنے والے کھیل مقابلوں میں متعدد کھیلوں کی سرگرمیوں کا ایک جامع جائزہ فراہم کیا۔ ان مقابلوں میں پروفیسر پی اے خان، پروفیسر پی اے صوفی، پروفیسر جی ایم بٹ، پروفیسر اخلاق امین وانی، ڈاکٹر خورشید احمداور ڈاکٹر نسیم گیلانی شامل تھے۔