جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اُن کی طرف سے مختلف میٹنگوں میں دئیے گئے احکامات کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں محکمے کے سیکرٹری ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ، ڈائریکٹر باغبانی جموں اور جے کے پی ایچ ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے شرکت کی ۔
وزیر نے کہا کہ ریاست کی معثیت میں باغبانی شعبے کا اہم حصہ ہے اور سرکار اس شعبے میں نئی روح پھونکنے کیلئے کوشاں ہے تا کہ پیداواریت میں اضافہ ہو سکے ۔ باغبانی کے تحت مختلف علاقوں میں آبپاشی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وزیر نے کم پانی والے علاقہ جات میں بور ویل کھودنے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے منریگا کے تحت محکمہ دیہی ترقیات کے اشتراک سے کمانڈ چینل تعمیر کرنے کے بھی احکامات دئیے ۔ انہوں نے کنورجنس کے تحت باغات میں اندرونی راستوں کی تعمیر کی نشاندہی کرنے کیلئے بھی کہا ۔ وزیر نے بازاری علاقوں میں باغبانی شعبے کی پیداواریت کی مارکیٹنگ اور ٹرانسپورٹیشن میں معقولیت لانے کیلئے اے ڈی ایم سی ایکٹ کے تحت منڈی انتخابات منعقد کرانے کے احکامات دئیے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنروں کو الیکشن کی تیاریاں کرنے اور ووٹر فہرست تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے نرسریوں کو اعلیٰ معیاری نرسریوں کے طور وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج کے تحت اپ گریڈ کرنے کے احکامات دئیے ۔ وزیر نے محکمے کے سیکرٹری کو ’ ہارٹیکلچر پالیسی ‘ تشکیل دینے کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ۔