سرینگر//شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی نے سنیچر 2020کو ’’بزم ادب‘‘کی نشست کا آن لائن انعقاد عمل میں لایا۔ نشست کی صدارت ڈاکٹر مشتاق حیدر اورڈاکٹر کوثر رسول نے انجام دی۔شعبے کے دیگر اساتذہ بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود رہے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد ذاکر نے انجام دئیے۔ ڈاکٹر مشتاق حیدرنے’’بزم ادب‘‘ کی تاریخ اور اس کے ارتقائی منازل پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے بزم ادب کے بنیادی مقاصد سے طلبہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بزم ادب کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس بزم کا مقصد طلبہ کے اندر ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو تحریک دینا ہے۔اس کے بعد طلبہ نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ علاوہ ازیں بعض طلبہ نے شعر خوانی کے ساتھ ساتھ نعتیہ کلام بھی پیش کیا۔ جن طلبہ نے بزم ادب میں حصہ لیا ان میں توفیق الاسلام، نادیہ حسین، منظور احمد بٹ، یاسمین ایوب، آفرین فاطمہ، عادل حسین، اعجاز احمد ڈار، راہی زبیر اورشارق گلزار وغیرہ شامل ہیں۔ آخر میں صدر مجلس ڈاکٹر کوثر رسول نے بزم کی پوری کارروائی پر جامع تبصرہ پیش کیا۔انہوں نے طلبہ کی تخلیقی کاوشوں کو نہ صرف سراہا بلکہ اپنے مفید مشوروں سے بھی نوازا۔رواں سال میں بزم ادب کی اس پہلی نشست میں جس ذوق و شوق سے طلبہ نے اپنی موجودگی کا مظاہرہ کیا وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وہ اپنے اذہان کوعلم و آگہی کے چراغ سے روشن کرنے کے خواہاں ہیں۔