رمیش کیسر
نوشہرہ// شری گرو روی داس جی مہاراج کے 648ویں جنم دن کے موقع پر ایک عظیم الشان شوبھا یاترا نکالی گئی، جس کی قیادت سوامی گردیپ گری مہاراج نے کی۔ یہ یاترا بریری مندر سے جمعہ کی صبح گیارہ بجے شروع ہو کر مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی نوشہرہ مین بازار اور بس اڈے سے ہوتی ہوئی آرمی گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوئی۔یاترا میں ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے شریک ہوئے، جو گرو روی داس جی مہاراج کی جے جے کار کر رہے تھے۔ راستے میں مختلف دیہات اور شہروں میں مقامی لوگوں نے عقیدت کے ساتھ پرساد، چائے، پانی، پھل اور دیگر لنگر کے اسٹال لگائے۔ارمی گراؤنڈ میں منعقدہ ست سنگ کے دوران سوامی گردیپ گری مہاراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انسان اور پرماتما کا ایک گہرا رشتہ ہے۔ جس خالق نے ہمیں اس دنیا میں بھیجا ہے، اس کی یاد ہمیشہ ہمارے دل میں ہونی چاہیے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’خدا کی بندگی کرنے والا انسان نہایت خوش نصیب ہوتا ہے اور اسے ہمیشہ نیکی کے راستے پر چلنا چاہیے‘۔سوامی مہاراج نے موجودہ سماج میں بڑھتی ہوئی نشے کی لعنت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرگز اور منشیات سے دور رہیں، اور ایک اچھے اور تعلیم یافتہ انسان بننے کی کوشش کریں۔اس موقع پر اتر پردیش سے آئے سنت ویر سنگھ، ڈوگری لوک فنکار رومال ارام سرس بھارتی نے شری گرو روی داس جی مہاراج کی زندگی پر مبنی بھجن پیش کئے، جنہیں حاضرین نے عقیدت کے ساتھ سماعت کیا۔تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر روندر کمار رینا، اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن، تحصیلدار رام پال شرما سمیت انتظامیہ کے افسران اور ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور ست سنگ سے فیض حاصل کیا۔یہ یاترا روحانی بیداری کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی کا پیغام بھی عام کرنے میں کامیاب رہی، جس نے علاقے میں عقیدت اور اتحاد کی ایک خوبصورت مثال قائم کی۔