جموں//پردیش کانگریس کے جنرل سیکریٹری شاہنوازچوہدری نے ریاسی میں خانہ بدوش گوجربکروالوں پر شرپسندعناصرکے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی حکومت کی ناکامی قراردیاہے ۔ یہاں جاری پریس بیان میں پردیش کانگریس کے جنرل سیکریٹری شاہنوازچوہدری نے کہاکہ ریاست میں پی ڈی پی۔مخلوط حکومت کے قیام کے روزِ اول سے ہی فرقہ پرست عناصر متحرک ہوگئے تھے اوران پرلگام لگانے کیلئے حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ریاسی میں شرپسندعناصرکاگوجربکروال طبقہ کے لوگوں پربے دردانہ حملہ جمہوریت کے منافی ہے۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد گائورکشکوں کے امن پسندلوگوں پرحملوں کی بڑھتی ہوئی واردات سے جمہوری اقدارکوزک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے ہندوستان کے ساتھ وفاداری کی ہے لیکن شرپسندعناصر طبقہ کے لوگوں کومختلف مقامات پرہراساں کررہے ہیں جوکہ باعث شرم اورافسوسناک بات ہے۔ شاہنوازچوہدری نے کہاکہ ریاسی واقعہ میں ملوث تمام شرپسندحملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ شرپسندعناصر کوحکومت کی پشت پناہی ریاست کے سیکولرتانے بانے کیلئے خطرہ ہے ۔انہوں نے پی ڈی پی اوربھاجپاحکومت پر فرقہ پرستی کوفروغ دینے کاالزام لگاتے ہوئے ریاست میں حالات خراب کرنے والے عناصرکی نکیل کسنے میں ناکام قراردیا۔شاہنوازچوہدری نے کہاکہ اگرریاستی حکومت اورپولیس انتظامیہ نے ریاسی واقعہ کے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں نہ لائی تو گوجربکروال طبقہ کے لوگ حکومت کے خلاف مظاہروں کاسلسلہ شروع کریں گے۔