جموں//گوجربکروال طبقہ کے لوگوں کودرپیش مسائل کے ازالہ کیلئے مختلف تنظیموںنے مشترکہ پلیٹ فارم سے جدوجہدکاآغازکرتے ہوئے ’’آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی ‘‘تشکیل دی ۔یہاں آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے قیام کے اغراض ومقاصد بیان کیا۔طالب حسین چوہدری نے کہاکہ کوآرڈی نیشن کمیٹی اس وقت تک جدوجہدجاری رکھے گی جب تک حکومت خانہ بدوش گوجربکروالوں کے مسائل کے ازالہ اورمطالبات بشمول فاریسٹ رائٹس ایکٹ کانفاذ، ایمزکے قیام کی وجہ سے اُجڑنے والے عبداللہ بستی رکھ بروٹیاں کے گوجربکروال کنبوںکے ایک ایک فردکوملازمت فراہم کرنے وغیرہ کیلئے سنجیدہ اقدام نہ اٹھائے گی اوروزیرجنگلات لال سنگھ کومحکمہ جنگلات کاقلمدان واپس نہ لے گی۔ انہوں نے حکومت پر قبائلی طبقہ کے مسائل کی اندیکھی کاالزام عائد کیا۔انہوں نے گول گجرال میں جے ڈی اے کی کارروائی میں مدرسے کوشہیدکرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جے ڈی اے کے ذمہ دارافسران کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا۔طالب چوہدری نے کہاکہ حکومت مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے پرشرپسندعناصرکے ہاتھوں کاکھلونابن کرخاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے شرپسندطاقتیں مسلمانوں کوہراساں کرنے اورآرایس ایس کے ایجنڈے کوعملانے کیلئے متحرک ہیں اورپی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت کی جانب سے ان شرپسندوں کوریاست کے خرمن امن میں آگ لگانے سے روکنے کیلئے اقدامات نہ کرناباعث تشویش ہے۔ طالب چوہدری نے کہاکہ وزیربرائے محکمہ جنگلات لال سنگھ گوجربکروالوں (مسلمانوں)کوہراساں کرنے میں کوئی کسرباقی نہیںچھوڑہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لال سنگھ آرایس ایس وبی جے پی کے آقائوں کوخوش کرنے کیلئے خانہ بدوشوں کوجنگلاتی اراضی سے کھدیڑنے کیلئے سازشیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیرموصوف کاخودکا سینکڑوں کنال سرکاری اراضی پرقبضہ ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وزیرجنگلات لال سنگھ کے اثاثوں کی سی بی آئی جانچ کرائی جائے ۔انہوں نے ایمزکے قیام کی وجہ سے اُجڑنے والے عبداللہ بستی رکھ بھروٹیاں کے لگ بھگ چارسوکنبوں کے ایک ایک فردکودیگرریاستوں جن ریاستوںمیں ایمزقائم کئے گئے ہیں کی طرز پرسرکاری ملازمت دینے کابھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کی مختلف تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم’’آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی ‘‘گوجروں کوہراسانی کے عمل کوروکنے کیلئے کسی بھی حدتک جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی کی مانگوں پرسنجیدگی سے غورنہیں کیاتوآنے والے دنوں میں اسمبلی کاگھیرائوکریں گے اورمطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں کمیٹی کے کارکنان سیکرٹریٹ کے باہرخودسوزی سے بھی گریزنہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے جوممبران قانون سازیہ خاموش ہیں ان کوبھی طبقہ کے لوگوں کی پریشانیاں دورکرنے کیلئے آناچاہیئے اوراگروہ نہیں آتے ہیں توان کے خلاف بھی بغاوت کاعلم بلندکیاجائے گا ۔انہوں نے طبقہ کے لوگوں بالخصوص سماجی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ٹرائبل کوآرڈی کمیٹی کوتعاون دیں ۔اس دوران چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ کمیٹی مختلف اضلاع میںجاکر اپنی مانگوں کے بارے میں لوگوں کوبیدارکرے گی اوراپنی مانگیں منوانے کیلئے مختلف قسم کے احتجاجوں کاشیڈول مرتب کرے گی۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کوحکومت بنیادی حقوق سے محروم رکھ رہی ہے اورشرپسندعناصرکی اندرون خانہ پشت پناہی کرکے ریاست کے بھائی چارے کوسبوتاژکرنے کی سازش میں شریک ہے۔انورپھامڑہ نے کہاکہ گوجربکروال کے جوقانون سازیہ خاموش ہیں وہ اس لیے خاموش ہیں تاکہ کے گھوٹالوں پرپردہ پڑارہے ۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کے ساتھ ہورہی زیادتیوں پران کی خاموشی کوقطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔کوآرڈی نیشن کمیٹی کے عہدیداران نے ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اورگورنراین این ووہرہ سے مطالبہ کیاکہ وہ وزیرجنگلات لعل سنگھ کووزارت سے دستبردار،اوران کے اثاثوں کی سی بی آئی جانچ کرائیں اورخانہ بدوش طبقہ کی جائزمانگوں پرہمدردانہ غورکیاجائے ،بصورت دیگرگوجربکروال طبقہ کے لوگ سڑکوں پرآکرایک منظم تحریک چلائیں گے جس کاخمیازہ پی ڈی پی اوربی جے پی حکومت کوبھگتناپڑسکتاہے۔اس دوران پریس کانفرنس میں کوآرڈی نیشن کمیٹی کے عہدیداران کابھی اعلان کیاگیاجس کے مطابق طالب حسین چیئرمین ،چوہدری نزاکت کھٹانہ نائب صدر، انورپھامڑہ انچارج ، رفاقت اعجاز جنرل سیکریٹری ،گفتارچوہدری سیکریٹری، حق نوازچوہدری اورابرارچوہدری میڈیاانچارج ،اسلم گورسی سوشل میڈیاانچارج اور عمران رشیداورجماعت علی خزانچی ہوں گے۔