راجوری // انجمن اہل سنت کے ضلع صدر مولانا فاروق نعیمی نے حکومت کو خبر دار کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر جموں صوبہ میں سرگرم شرپسندوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ریاست کے حالات کو قابو میں کرنامشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہوجائے گا ۔جامع مسجد عیدگاہ میںاپنے خطبہ میںانہوںنے کہ وادی کے اندر پچھلے ایک سال سے لگاتار حالات کشیدہ ہیں جبکہ جموں صوبہ میں اقلیتی طبقہ کو حراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ جموں میں کچھ شرپسند عناصر عام اور سادہ لوح مسلم طبقہ کے لوگوں کو مارپیٹ کر ان کے گھربھی جلارہے ہیںاور ان کے خلاف پھر کوئی کارروائی بھی نہیں کی جاتی جس سے ان کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ جموں صوبہ میں شرپسندوں کے عزائم کو بھانپتے ہوئے سختی سے کارر وائی عمل میں لائے تاکہ آئندہ کسی بھی شخص کو اس طرح کے واقعات انجام دینے کی جرأت نہ ہو۔ انہوں نے وادی کے حالات پر بھی گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فورسز عام لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں تاکہ حالات بہتر ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے عام لوگوں عدم تحفظ کا شکار ہوکر مجبورا ًروڈ پر اتر آئیں گے جس کے نتائج بیان نہیں کئے جاسکیںگے ۔