سرینگر //بی جے پی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد کئے گئے مذاکرات کار کو تمام لیڈران اور گروپوں سے بات کرنے کا اختیار ہے ،جو بات کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھاجپاکے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو نے کہا کہ مذاکرات کار دنیشور شرما ان تمام گروپوں اور تنظیموں سے بات کریں گے ،جو بات کرنا چاہتے ہیں اور انکی تقرری بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے کی گئی ہے جو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شروع کی تھی۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے دورے کے دوران کہا تھا کہ بات چیت کا سلسلہ ان سے شروع کیا جائے گا جو بات کرنا چاہتے ہیں۔ رام مادھو نے کہا کہ دنیشور شرما کی تقرری اسی سلسلے کو آگے بڑھانے کیلئے کی گئی ہے۔ رام مادھو اتوار کو ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہونے والی سٹیٹ لیول ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کیلئے سرینگر آئے ہیں جس میں ریاستی سطح کے مندوبین کے علاوہ پارٹی کے ممبران اسمبلی حصہ لینے والے ہیں۔ مادھو نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے نامزد کئے گئے مذاکرات کار جموں و کشمیر کے تمام گروپوں اور لیڈروں کو بھارتی سرکار کے نمائندے سمجھ کر بات کریں گے۔ جب رام مادھو سے پوچھا گیا کہ کیا وہ حریت لیڈران سے بات کریں گے تو انہوں نے کہا کہ یہ سوال آپ حریت لیڈران سے پوچھئے کیا وہ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ جب ان سے پاکستان سے بات چیت شروع کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم نے مذاکرات کار کی تقرری جموں و کشمیر میں تمام گروپوں سے بات کرنے کیلئے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کی پوری آبادی ہندنواز بن جائے۔