عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//ایکسائز کمشنر جموں و کشمیرسباش چندر چھیبر کی ہدایت پر اور ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میںایکسائز افسران نے ضلع بڈگام کی تحصیل چاڈورہ کے نوبگ میں واقع اینٹوں کے بھٹوں پر چھاپے مارے۔چھاپے کے دوران، ٹیم نے اینٹوں کے ایک بھٹے سے ملحقہ 120 لیٹر لہن ((Lahan)برآمد کر لیا۔ ناجائز مواد کو فوری طور پر موقع پر تلف کر دیا گیا۔ اینٹوں کے بھٹوں کے مالکان کو غیر قانونی کشید سے متعلق سنگین قانونی اثرات سے باخبر کیا گیا۔ کارروائی کے علاوہ، علاقے کے بزرگ شہریوں کو غیر قانونی شراب کے سماجی اور صحت کے خطرات کے بارے میں آگاہ کیا گیااور ان پر زور دیا گیا کہ ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع محکمہ ایکسائز کے حکام کو فوری طور پر دیں۔ادھرٹریڈرس ایسو سی ایشن سینٹرل لالچوک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام منشیات کے مسئلے کو سنجیدہ لیں اور جموں و کشمیر کو شراب سے آزاد بنائیں۔سرینگر میںمنعقدہ ایک اجلاس کی قیادت شیرزاد احمد میر، بلال احمد داراور امتیاز احمد کتاب نے کی،میں منشیات کی لت کے سنگین اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔ تاجروںنے حکام سے درخواست کی ہے کہ منشیات کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر اور قابل ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔