سرینگر//فریڈم پارٹی نے شیخ العالم ائرپورٹ پر شراب کی فروخت کےلئے حکومتی تجویز کو یکسر مستردکرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی انتظامیہ ریاست کے مخصوص کلچر کو تباہ کرنے اور اسے فحاشی کی نذر کرنے کےلئے جس طرح کے اقدامات کررہی ہے وہ اس بات کا عندیہ ہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کی آڑ میں یہ لوگ ریاست کو ایک بڑے قحبہ خانے میں تبدیل کرنے پر بضد ہیں ۔ترجمان نے سیاحت کو فروغ دینے کی حکومتی دلیل کو بے وزن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دیگر ریاستوں جن میں گجرات اور بہار شامل ہیں ،میں اس اُم الخبائث کو عوام اور ان کے رہنماﺅں نے عوام کی بھلائی کےلئے ممنوع قرار دیا لیکن ریاستی انتظامیہ مادی منافع کے حصول کے لئے اور ریاست میں نوجوان نسل میں بے حیائی کو فروغ دینے کے لئے شراب نوشی ،ناچ و رنگ اور سینما کھولنے کے لئے بے تابی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ترجمان نے اس بات پر بھی سخت افسوس کا اظہار کیا کہ ریاستی کلچرل اکیڈمی بھی اس بے حیائی کو فروغ دینے کے لئے جگہ جگہ کلچرل شو کے نام پر تہذیبی جارحیت کی مرتکب ہورہی ہے اور عوامی سرمایہ کو عریانیت کے پھیلاﺅ اور ناچ و نغمے کو فروغ دینے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ۔دریں اثناءجماعت اسلامی نے اپنے سخت رد عمل میں کہا ہے کہ شیخ العالمؒ کے نام پر قائم ائرپورٹ پر شراب کی دوکان کھولنا اور مسافروں اور دیگر لوگوں کو شراب کی فراہمی ‘ نہ صرف اس بزرگ ولی کی توہین ہے بلکہ وادی میں بسنے والے تمام مسلمانوں کے دینی عقائد پر بھی ایک کھلا حملہ ہے۔ اسی طرح سینما ہال تعمیر کرنا اور اس کے ذریعہ فحاشی اور بے حیائی کو فروغ دینا بھی یہاں کی اکثریت کے دینی تعلیمات کے بالکل منافی ہے۔ مسلمانوں کو بے حیائی اور فحاشی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے مگر سینما ہال چالو کرکے اُن کے لیے برائیوں کا شکار ہونے کے اسباب فراہم کئے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے سنگھاسن اقتدار پر براجمان افراد کو تلقین کی ہے کہ وہ ان شیطانی خیالات کو ترک کرکے‘سرزمین کشمیر کی دینی روایات اور باحیا کلچر کو نقصان پہنچانے کے بُرے عزائم سے باز آجائیں بصورت دیگر انہیں غضب الٰہی کے کوڑے سے بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔