عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جمعرات کی دیر رات انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گرفتار کر لیا ۔ گھر میں طویل پوچھ گچھ کے بعد تفتیشی ایجنسی نے کیجریوال کو سی ایم ہاؤس سے گرفتار کرلیا ہے۔
اس سے قبل دن میں دہلی ہائی کورٹ نے کیجریوال کو کوئی عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ایجنسی کے ذریعہ ‘زبردستی کارروائی’ سے تحفظ کی ان کی درخواست مستردہو نے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ای ڈی نے اسے 7 بارسمن بھیجے ہیں۔کیجریوال کو ای ڈی کی ایک ٹیم نے، جس میں ایک جوائنٹ ڈائرکٹر بھی شامل تھا، ان کی رہائش گاہ پر دو گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی۔اس سے پہلے ای ڈی نے کیجریوال کا موبائل فون بھی ضبط کرلیا تھا ۔ ای ڈی کے مطابق کیجریوال تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی ہلچل کے درمیان عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ وزیر آتشی اور سوربھ بھی وہاں موجود تھے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں پولیس فورس کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ دہلی کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسودیا، اور پارٹی کے ممبر راجیہ سبھا سنجے سنگھ کے علاوہ دہلی کے وزیر صحت کے بعد، گرفتار ہونے والا سب سے بڑا نام کیجریوال ہے۔