جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کا مصروف بازارمکمل طور پر سنسان نظر آیا، جہاں گزشتہ رات ہونے والی شدید گولہ باری نے نہ صرف قیمتی جانیں لے لیں بلکہ لوگوں کے دلوں میں خوف اور بے چینی بھر دی۔عام طور پر خریداروں اور دکانداروں سے بھرے رہنے والا بازار مکمل طور پر بند رہا، تمام کاروباری مراکز بند تھے اور سڑکوں پر سناٹا چھایا ہوا تھا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو ایل او سی کے قریبی علاقوں،بالاکوٹ، مینڈھر، منکوٹ اور کرشنا گھاٹی میں شدید آرٹلری گولہ باری ہوئی، جس نے پورے علاقے میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔اس گولہ باری کے نتیجے میں منکوٹ علاقے کی ایک نوجوان خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔مقامی افراد نے بتایا کہ گولہ باری کے بعد سے لوگ گھروں میں محصور ہیں اور بازاروں یا عوامی مقامات کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ اسکول، دفاتر اور روزمرہ کے معمولات مکمل طور پر متاثر ہو چکے ہیں۔شدید گولہ باری کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ سیکورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔