رمیش کیسر
نوشہرہ //گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید گرمی اور لو کے بعد ہفتہ کی شام علاقے میں موسم نے اچانک کروٹ لی، جس کے بعد آندھی اور ہلکی سے درمیانی بارش نے گرمی سے تڑپتے عوام کو کچھ سکون بخشا۔گزشتہ دنوں سے درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا تھا، اور تیز گرم ہواؤں کے باعث لوگ بے حد پریشان تھے۔ سخت گرمی کے سبب دن کے اوقات میں لوگوں کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا تھاتاہم ہفتہ کی شام اچانک آسمان پر گھنے بادل چھا گئے اور تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس نے نہ صرف گرمی کی شدت کو کم کیا بلکہ موسم کو بھی خوشگوار بنا دیا۔ بارش کے بعد کئی علاقوں میں ٹھنڈک کا احساس ہوا اور لوگوں نے سکون کا سانس لیا۔بارش سے جہاں عام لوگ خوش ہوئے، وہیں کسان طبقے میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بارش کے بعد اب زمین نرم ہو گئی ہے اور کسانوں نے کہا ہے کہ اب وہ اپنے کھیتوں میں ٹریکٹر سے ہل چلا کر فصل کی تیاری بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔ماحولیاتی ماہرین کے مطابق، یہ بارش نہ صرف درجہ حرارت میں کمی لائے گی بلکہ زیر زمین پانی کے ذخائر کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گی۔