گاندربل //گاندربل میں متعدد علاقوں میں ژالہ باری اور تیز بارشوں کے نتیجہ میں میوہ باغات ، فصلوں اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچاہے۔ گاندربل میں کئی علاقوں میں مسلسل ایک ہفتے سے زائد عرصے سے شام 5بجے کے بعد اچانک موسم میں تبدیلی آنے کے ساتھ ہی آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں اور پلک جھپکتے ہی تیز بارشیں اور اولے گرنے شروع ہوجاتے ہیں جوآدھے گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔ شدید ژالہ باری اور بارشوں سے میوہ باغات اور سبزیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کنگن، وسن، بونہ زل، ہاری پورہ، اندرون، آرہامہ، یارمقام، وطشن، منیگام وڑر، باباوائیل، گوٹلی باغ، ورپش، لار،بنہ ہامہ، چونٹ ولی وار،نونر،سرڑ، بدر کونڈسمیت دیگر علاقوں میں بھی تیز بارشوں کے ساتھ ساتھ اولے گرنے سے میوے کی فصل اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے بارشوں اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کی خاطر کئی علاقوں میں تحصیلداروں کی قیادت میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔موسم میں تبدیلی آنے کے باعث کسی حد تک سردیاں بھی محسوس کی جارہی ہیں ۔ ادھر اوڑی کے ایک دو پہاڑیوں پر ہلکی برف باری بھی ہوئی ہے۔