سرینگر //موسم ایک بار پھر سرد اور خشک ہونے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔اس دوران مغل روڑ 8روز بعد بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی جبکہ جموں سرینگر شاہراہ پر یکطرفہ گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے ۔اتوار کو اگرچہ موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی نکلی تاہم پوری وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات پہلگام میں کم سے کم درجہ حرات منفی9.2ڈگری ریکارڑکیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات یہاں درجہ حرارت منفی 3.5ڈگری تھا۔ گذشتہ چار برسوں میں پہلی بار پہلگام میں سب سے کم ترین شبانہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل پہلگام میں 27دسمبر 2013کو درجہ حرارت میں اتنی گراوٹ آئی تھی۔ کرگل میں بھی سنیچر اور اتوار کی رات اس موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.4ڈگری ریکارڈ گیا گیا۔ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ شہر سرینگر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7ڈگری ریکارڈ گیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 3.8،کوکرناگ میں منفی 3.0،کپوارہ میں منفی 3.8،سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 7.5ڈگری سلسیش ریکارڈ گیا گیا ہے۔