عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی کا پونے دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ یہاں ہو رہی شدید بارش کی وجہ سے لیا گیا۔ پونے دورہ کے دوران نریندر مودی کو کئی تقریب میں شرکت کرنی تھی لیکن بدھ سے ہی پونے اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش جاری ہے۔ یہاں پر اب تک 130 ملی میٹر بارش درج کی گئی اور محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بھی زوردار بارش کی وارننگ دی ہے۔ اس وجہ سے وزیراعظم کے پروگرام کی تیاریوں پر اثر پڑا اور آخر میں ان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔وزیر اعظم اپنے پونے دورہ میں سول کورٹ سے سورگیٹ کے درمیان شروع ہونے والی نئی میٹرو لائن کا افتتاح کرنے والے تھے۔ اس دوران مودی اسی میٹرو سے سورگیٹ تک کا سفر بھی کرتے اور وہاں سے ایس پی کالج جانے کا پروگرام تھا جہاں وہ ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے۔ لیکن شہر میں ہو رہی تیز بارش نے آج مودی کو پونے پہنچنے سے روک دیا۔غور طلب رہے کہ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)نے جمعرات کی صبح کے لیے ممبئی اور اس کے آس پاس کے اضلاع تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ شدید بارش کے سبب بدھ کو ممبئی کے نچلے علاقوں میں پانی جمع ہو گیا تھا، لوکل ٹرین کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی تھی اور ممبئی آنے والی کم سے کم 14 اڑانوں کا راسہ تبدیل کرنا پڑا تھا۔ممبئی میں شدید بارش کی وجہ سے بی ایم سی نے جمعرات کو سبھی اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے تحت تھانے، پال گھر، پونے اور پنپری-چنچواڑ میں واقع اسکول اور کالج میں تعطیل رہے گی۔ بی ایم سی اور پولیس نے ممبئی اور اس کے قریبی علاقوں کے سبھی لوگوں کو گھر کے اندر رہنے کی صلاح دی ہے۔