ایجنسیز
ممبئی//ملک کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی میں ہفتہ کی صبح سے جاری موسلادھار بارش کے سبب چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں متاثر ہوئیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مختلف ایئر لائنز جیسے انڈیگو، اسپائس جیٹ اور آکاسا ایئر نے اپنے مسافروں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پورے دن کے دوران ممبئی سمیت مختلف مقامات پر شدید بارش کی وارننگ بھی دی ہے۔انڈیگو ایئر لائنز نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ہوائی اڈے پہنچنے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کریں کیونکہ شہر کی متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور رکاوٹوں کے باعث ٹریفک کی رفتار سست ہے۔ اس لیے مسافروں کو چاہیے کہ وہ اضافی سفری وقت کو مدنظر رکھیں۔ ایئر لائن نے مزید کہا کہ گھر سے روانگی سے قبل ہماری ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعہ پرواز کی تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔ کمپنی نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اس کے عملے کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ تاخیر کو کم کیا جا سکے اور مسافروں کو ہر مرحلے پر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔اسی طرح آکاسا ایئر نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ممبئی، گوا اور پونے کے کئی حصوں میں بھاری بارش کی وجہ سے ہوائی اڈے کی جانب جانے والی سڑکوں پر بھیڑ اور ٹریفک جام کے امکانات ہیں۔ ایئر لائن نے درخواست کی کہ مسافر اپنی پرواز کے لیے بروقت ہوائی اڈے پہنچنے کے لیے اضافی وقت ضرور نکالیں تاکہ ان کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔