یواین آئی
نئی دہلی// دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی راجدھانی میں شدید بارش کے باوجود پانی جمع ہونے میں کمی آئی ہے اور جہاں پہلے پانی جمع ہوتا تھا، اب وہاں نظر نہیں آتا۔ محترمہ ریکھا گپتا نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ دہلی نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ 27 سالوں سے جو افراتفری پھیلی ہوئی تھی ،اسے مرحلہ وار درست کیا جا رہا ہے اور دہلی کو بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد ہم باراپولا، منٹو پل اور دیگر علاقوں میں بار بار گئے اور وہاں کام کیا۔ دہلی نے دیکھا کہ اتنی بارش کے باوجود پانی نہیں بھرا۔ پہلے ہر بارش کے بعد منٹو پل کے پانی میں ڈوب جانے کی تصویر اخبارات میں شائع ہوتی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارش کے باوجود اس بار آئی ٹی او اور باراپولا آسانی سے چل پڑے۔ یہ حکومت کی محنت کا نتیجہ ہے۔ حکومت مسلسل کام کر رہی ہے اور اس سمت میں کام کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات کو اب دور کیا جائے گا اور اس کے نتائج آئندہ بارشوں میں نظر آئیں گے۔