مقامی عوام پریشان، ٹھیکیدار کی لاپرواہی پر یوتھ کانگریس کا سخت ردعمل
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں واقع حلقہ پنچایت بھینچ کی واحد رابطہ سڑک گزشتہ تین روز سے مکمل طور پر بند پڑی ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ سڑک کی بندش حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ (پسی گرنے) کی وجہ سے ہوئی، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی مرمتی کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔صدر مقام پونچھ سے محض 4 سے 5 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اس اہم سڑک کا بند ہونا نہ صرف روزمرہ کی زندگی متاثر کر رہا ہے بلکہ عوام کو ہنگامی حالات میں بھی شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ طلباء ، مریض اور ملازمین سبھی متاثر ہیں، جب کہ مقامی گھروں کو بھی زمین کھسکنے کی وجہ سے خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔کانگریس یوتھ لیڈر فیاض دیوان نے اس سنگین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں مقامی شہریوں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی، جس کے بعد وہ خود متاثرہ علاقے کے دورے پر پہنچے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ بھینچ کی رابطہ سڑک جو NH-144A سے جڑتی ہے، پچھلے تین دنوں سے مکمل طور پر بند ہے، جب کہ انتظامیہ مکمل طور پر خاموش ہے۔فیاض دیوان نے الزام عائد کیا کہ ’ٹھیکیدار نے سڑک کا کام ادھورا چھوڑ دیا اور بارش کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک تباہ ہو گئی‘۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کار اتنی قریبی اور اہم سڑک کی بحالی میں انتظامیہ کیوں تاخیر کر رہی ہے؟ کیا کسی بڑے حادثے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟انہوں نے زور دے کر کہا کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کی جائے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ کے لئے کوئی پائیدار حل نکالا جائے تاکہ اس طرح کی صورتحال دوبارہ نہ پیدا ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد کارروائی نہ کی گئی تو وہ مقامی عوام کے ہمراہ سڑک پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔مقامی عوام نے بھی انتظامیہ پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سڑک زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اگر یہی بند رہے تو زندگی مفلوج ہو کر رہ جائے گی۔ انہوں نے بھی مطالبہ کیا کہ سڑک کی فوری مرمت کی جائے اور محکمہ تعمیرات عامہ و ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داری نبھائے۔یہ مسئلہ نہ صرف مقامی سطح کا ہے بلکہ عوامی زندگی سے جڑا ایسا معاملہ ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کو خطرہ لاحق نہ ہو۔