سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں گزشتہ تین دنوں سے جاری شدید آندھی اور قدرتی بجلی گرنے کے باعث بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی دوپہر تک، تیز ہواؤں کے سبب تقریباً 350 سے 400 بجلی کے کھمبے اکھڑ چکے ہیں۔ضلع کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر درخت بھی زمین بوس ہو گئے ہیں جبکہ متعدد مکانات کی چھتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی رہائشی علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، جس سے مقامی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایگزیکٹو انجینئر جے پی ڈی سی ایل راجوری ڈویژن، محمد رشید نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ اس دوران، تقریباً 25 سے 30 گھریلو ٹرانسفارمرز بھی آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے خراب ہو چکے ہیں۔محمد رشید نے مزید بتایا کہ اتوار کی شام کو ایک بار پھر تیز رفتار آندھی نے ضلع کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، جس کے باعث مزید نقصان ہوا ہے تاہم، اتوار کی شام ہونے والے تازہ نقصان کی مکمل تفصیلات فیلڈ اسٹاف کی طرف سے جمع کی جا رہی ہیں، جنہیں پیر کی صبح تک دستیاب کرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ’ہماری ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں‘۔مقامی عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجلی کے نظام کی جلد مرمت اور بحالی کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو مزید پریشانیوں سے بچایا جا سکے۔ ضلع انتظامیہ کی طرف سے ابھی تک کسی مالی امداد یا بحالی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن توقع ہے کہ تازہ نقصان کی رپورٹ آنے کے بعد کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔شدید موسم کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے قریب نہ جائیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر مقامی حکام کو اطلاع دیں۔