سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ممتاز دینی و سیاسی شخصیت مولانا احمد اللہ ہمدانی کے یوم وصال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے تحریک حریت کشمیر میں جو سنہری اور تاریخ ساز رول ادا کیا ہے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ موصوف عالم باعمل ، صاف گو، محب وطن اور مبلغ دین تھے اورتحریک حریت کشمیر کے اول ممتاز نمائندوں میں شمار ہوتے تھے جبکہ شیخ محمد عبداللہ بھی انہیں کافی عزت واحترام کرتے تھے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ تحریک حریت کشمیر میں خصوصاً ڈوگرہ حکمرانوں کے ظلم وستم کے خلاف یہاں کے عالم باعمل علمائے کرام نے بھی اہم تاریخی رول ادا کیا ہے اور ان میں میرواعظ ہمدانی کو صف اول میں جگہ حاصل تھی۔ کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھی مولانا احمد اللہ ہمدانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے مظلوم اور محکوم کشمیری عوام کو انصاف اور عزت کا مقام دِلانے میں جو جدوجہد کی وہ تاریخ کشمیر میں ایک سنہری باب ہے۔ انہوںنے کہاکہ تبلیغ دین کے ساتھ ساتھ موصوف نے ڈوگرہ حکمرانوں کے ظلم وستم کے خلاف بھی بغاوت کی تھی۔ جنرل علی محمد ساگر (ایڈوکیٹ) نے مرحوم ہمدانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شخصی حکمرانوں نے کشمیری عوام کے ساتھ جو نازیبا اور نارواسلوک جاری رکھا تھا اور یہاں کے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ کر رکھا تھا، اِس کے خلاف میرواعظ ہمدانی نے شیخ محمد عبداللہ کے شانہ بشانہ ساتھ دیکر شخصی راج کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ،سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر ،چودھری محمد رمضان، مبارک گل ،شریف الدین شارق اور میاں الطاف احمد نے بھی مرحوم مجاہد احمد اللہ ہمدانیؒ کو اُن کے یوم وصال پر اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔