جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے محکمہ کے افسران کو مون سون سیزن کے دوران بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کرنے کے لئے عملے اور مشینری کو متحرک کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات آج فارسٹ انفارمیشن سینٹر بکرم چوک جموں میں شجرکاری تکنیک کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ پر دیں۔وزیر نے جموں میں شجرکاری کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لئے جنگلاتی اراضی کی نشاندہی کرنے اور اس مہم میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکار نے ریاست میں 129 فارسٹ نرسریاں قائم کی ہیں جہاں افسران کو چنار اور میوہ درختوں کی شجرکاری کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔وزیر نے دیہاتیوں کو اپنی نجی اراضی پر درخت کاٹنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سرکار کی طرف سے معقول تعداد میں سیل ڈیپوئوں پر لکڑی فراہم کی جائے گی۔راجور ی اور ریاسی اضلاع میں جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی قبضہ کئے جانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ افسران کو ایک ہفتے کے اندر اس سلسلے میں رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ سرکار لکڑی کی سملنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔میٹنگ میں محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔