غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ کے شتکڑی میں اندرونی رابطہ سڑک پر تارکول بچھایا جائے تاکہ رہائشی پذیر لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سونہ مرگ سے دو کلو میٹر پہلے اورزیڈ مور ٹنل سے محض 400 میٹر کی دوری پر واقع شتکڑی سونہ مرگ کے لوگوں نے بتایا کہ ان کی بستی کی اندرونی رابطہ سڑک پر تین برس قبل تارکول بچھادیا گیا تھا لیکن جب زیڈ مور ٹنل کے فلاائور کا کام چل رہا تھا، تو اس دوران پورا ملبہ سڑک پر گرا، جس کی وجہ سے اندرونی رابطہ سڑک خستہ ہوگئی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ معمولی بارشوں کی وجہ سے مقامی بستی کے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ مذکورہ بستی سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حدود میں آتی ہے لیکن یہاں اندرونی رابطہ سڑک کی مرمت اور تارکول بچھانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ایم ایل اے کنگن ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ شتکڑی بستی کی اندرونی رابطہ سڑک پر تارکول بچھانے کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔