سرینگر// نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برات کے مقدس تقریب کے سلسلے میں تمام مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام باڑوں میں بجلی، پینے کی پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات میسر رکھیں۔ انہوں نے درگاہ حضرت بل، تاریخی جامع مسجد، خانقاہِ معلی، زیارت پیردستگیر صاحب خانیار شریف، زیارت محبوب العالم کوہ ماران، زیارت نقشبند صاحبؒ اور چرار شریف کے ساتھ ساتھ دیگر خانقاہوں ، زیارتگاہوں اور مساجد میں انتظامات دستیاب رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اسی دوران ساگر نے زیارت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار کا دورہ کیا اور وہاں زیر تعمیر کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو تاکید کہ تعمیراتی کام رمضان المبارک سے قبل ہی مکمل کئے جائیں۔ ساگر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ مسلم وقف بورڈ کے اعلیٰ حکام زیادہ درگاہوں کے سجادہ نشین حضرات ، متولی حضرات اور خدامانِ زیارت کو سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہاہے اور بقعہ جات کے معمولات میں بے جا مداخلت کی جارہی ہے ، جو قابل مذمت ہے، حالانکہ صدیوں سے ان درگاہوں کے معمولات وہاں کے سجادہ نشین حضرات، نشاندہ حضرات اور خدامانِ زیارت انجام دیتے رہے ہیں۔