یواین آئی
برمنگھم/شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں 269 رنز بنائے ، جو ٹیسٹ میں ہندوستانی کپتان کا سب سے زیادہ اسکور ہے ۔ انہوں نے وراٹ کوہلی کے 2019 میں پونے میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائے گئے ناٹ آوٹ 254 رن کو پیچھے چھوڑ دیا۔گل کے 269 رنز ایشیا سے باہر کسی ہندوستانی کھلاڑی کا سب سے زیادہ اسکور بھی ہے ، انہوں نے سچن تندولکر کے 2004 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں بنائے گئے ناٹ آوٹ 241 رنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ گھر کے باہر کسی ہندوستانی کھلاڑی کا تیسرا سب سے بڑااسکور بھی ہے ۔ ان سے آگے ویرندر سہواگ کے ملتان میں 309 رن اور راہل دراوڑ کے 2004 میں راولپنڈی میں 270 رنز ہیں۔ ان سے پہلے صرف دو ہندوستانی کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ 1979 میں سنیل گواسکر نے 221 اور 2002 میں راہل دراوڑ نے 217 رنز بنائے تھے ، دونوں ڈبل سنچریاں دی اوول میں بنی تھیں۔مجموعی طور پر گل کے 269 رنز ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کے لئے ساتواں سب سے زیادہ اسکور ہے ۔مہمان بلے بازوں نے اس سے پہلے ایجبسٹن میں سنچریاں بنائی تھیں۔ گریم اسمتھ نے 2003 میں 277، جبکہ ظہیر عباس نے 1971 میں 274 رنز بنائے تھے ۔ گل کے 269 رنز کسی غیر ملکی بلے باز کا انگلینڈ میں بنایا گیا آٹھواں سب سے زیادہ اسکور ہے ۔گل سمیت سات بلے بازوں نے بطور کپتان اپنے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں سنچریاں بنائی ہیں۔ پچھلے چھ میں سے تین ہندوستانی تھے ، جن میں وجے ہزارے ، سنیل گواسکر اور وراٹ کوہلی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جیکی میک گلو، ایلسٹر کک اور اسٹیون اسمتھ شامل ہیں۔پانچ بلے بازوں کے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ڈبل سنچریاں ہیں۔ گل کے علاوہ سچن تندولکر، وریندرسہواگ، روہت شرما اور کرس گیل نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔نیتش ریڈی کے آؤٹ ہونے کے بعد ایجبسٹن میں ہندوستان نے 376 رنز جوڑے ، یہ ٹیسٹ اننگز میں آخری پانچ وکٹوں کے لئے جوڑے گئے ان کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ٹیسٹ میں چھٹے وکٹ یا اس سے کم کے لئے تین 200 سے زائد رنز کی شراکت داری میں رویندر جڈیجہ شامل رہے ۔ صرف ایڈم گلکرسٹ (6)، بی جے واٹلنگ (5) اور ایم ایس دھونی (4) ہی اس سے زیادہ شراکت داری میں شامل رہے ہیں۔ جڈیجہ کی تین میں سے دو ساجھیداری ایجبسٹن میں ہی رہی ہے ۔