یو این آئی
کولکتہ/جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں گردن میں اکڑن کی شکایت کے بعد ٹیسٹ کپتان شبھمن گل کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ تاہم اگلے ہفتے گواہاٹی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت ابھی بھی مشکوک ہے ، کیونکہ ٹیم مینجمنٹ ان کے ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی حتمی فیصلہ کرے گا۔ امکان ہے کہ گل منگل کی صبح کولکتہ میں ہونے والے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیں گے ۔ پوری ٹیم بدھ کو گواہاٹی کے لیے روانہ ہوگی، لیکن چونکہ گل ابھی گردن کی تکلیف سے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے ہیں اور ایسے کھلاڑیوں کے لیے کمرشل فلائٹ سے سفر کی عام طور پر اجازت نہیں ہوتی، اس لیے یہ قیاس آرائی ہے کہ وہ اس دن ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے ۔ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے میچ کے بعد بتایا کہ شبھمن گل کی فٹنس پر میڈیکل ٹیم مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور فزیو ان کا ایک اور معائنہ کرے گا۔ چوتھی اننگز میں گل کے باہر ہونے سے ہندستانی بلے بازی پر خاصہ اثر پڑا تھا۔ اگر گل گواہاٹی ٹیسٹ کے لیے فٹ نہیں ہوتے ہیں تو ان کی جگہ بی سائی سدرشن اور دیودت پڈیکل ممکنہ متبادل ہو سکتے ہیں۔