سرینگر // چلہ کلان کے قریب دس روز بعد اہل وادی کوشبانہ سردی سے راحت نصب ہوئی کیونکہ دس دنوں میں پہلی بارسنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی اور سرینگر میں اس رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.1ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے یکم جنوری سے 2جنوری کے بیچ اور 4جنوری سے 5جنوری کے بیچ وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔معلوم رہے کہ وادی میں پچھلے دس روز کے دوران انتہائی سردی اور کم سے کم درجہ حرارت کے متواتر گرنے کے نتیجے میں لوگوں کو انتہائی مشکلات کاسامنا کرنا پڑا تھا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی میں 28اور 29کی درمیانی شب کو سرینگر میں کم سے کم درجہ حرات منفی 7.2ڈگری سلسیش تک گر گیا تھا اسی طرح 27اور 28کی درمیانی رات کو اس درجہ حرارت میں اضافہ ہوا اور یہ درجہ حرارت گر کر منفی 7.7ڈگری سلسیش تک پہنچ گیا تھا اور اس طرح یہ رات 28سال بعد اس موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی تھی ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق 26اور 27کی درمیانی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے اہل وادی سردی کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہو گئی تھی تاہم سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو شہر سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق شہر سرینگر میں کام سے کم درجہ حرارت منفی 2.1ڈگری سلسیش ۔قاضی گنڈ میں منفی 2.3پہلگام میں منفی 2.5کپوارہ میں منفی 3.4کوکرناگ میں منفی 2.7اور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 4.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اسی طرح خطہ لداخ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں قدر بہتری آئی ہے جہاں گزشتہ رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17تک گر گیا تھا وہیں اس رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12ڈگری سلسیش ہی ریکارڈ کیا گیا ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے یکم جنوری سے 2 جنوری کی دوپہر تک وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یکم جنوری سے 2جنوری تک وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2جنوری کی دوپہر سے 4جنوری کی دوپہر تک موسم پھر سے صاف ہو گیا اور اس کے بعد 4جنوری کی دوپہر سے 5جنوری کی دوپہر تک پھر سے برف باری کا امکان ہے ۔