عمان //سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعودی کے 28 ویں عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے عمان آمد پر ان کا سرکاری اور عوامی سطح پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بحر مردار میں منعقد ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت سے قبل شاہ سلمان کے عمان پہنچنے پر شاندار عسکری پریڈ کے ذریعے انہیں سلامی پیش کی گئی۔اس موقع پر اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے شاہ سلمان کو ریاست کے اعلیٰ ترین ایوارڈ’ الشریف الحسین بن علی ایوارڈ‘ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ اردن کی ہاشمی مملکت کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔عمان میں شاہی دیوان کے گراؤنڈ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران شاہ سلمان کو فوجی پریڈ کے ذریعے سلامی پیش کی گئیاور روایتی موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پرمہمان کا استقبال کیا گیا۔ فوجی پریڈ میں فضائی کرتب کے مظاہرے پیش کرنے والے ہوائی جہازوں پرسعودی عرب اور اردن کے پرچم بھی لہرائے گئے تھے۔ چھاتہ بردار اہلکاروں کو بھی دونوں ملکوں کے جھنڈوں کے ساتھ ہوائی جہازوں سے پریڈ میں اتارے جانے کا مظاہرہ کیا گیا۔خیال رہے کہ جنوری 2015ء کو اقتدار سنھبالنے کے بعد شاہ سلمان کا اردن کا یہ پہلا دورہ ہے۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے عالم اسلام کی بہبود کے لیے اقدامات، سعودی عرب کے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف محوری کردار کی وجہ سے اردن میں شاہ سلمان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔سرکاری اور عوامی سطح پر شاہ سلمان کے استقبال کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی ان کے دورہ اردن کو غیرمعمولی پذیرائی دی گئی ہے۔خیال رہے کہ شاہ سلمان سوموار کی شام کو عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے اردن پہنچے تھے جہاں انہوں نے اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔ شاہ عبداللہ دوم اور شاہ سلمان کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔