عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // شاہ آبادسعدہ کدل، ہاتھی خان، ممہ خان اور دیگر متصل علاقوں میں جیو کمپنی کا نیٹ ورک ٹھپ ہونے سے لوگوں کے موبائل بیکار پڑے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں تعینات کمپنی کے انجینئروں نے چند گھنٹوں میں نیٹ ورک بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا۔ شاہ آباد کے رہنے والے محمد صدیق بٹ نے بتایا کہ آن لائن ایجوکیشن، تجارت اور بیرون ریاست کام کرنے والے تاجروں کے عزیز و اقارب کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ محمد صدیق نے بتایا کہ سنٹرل جیل میں نصب جیمر کی وجہ سے صرف جیو کا نیٹ ورک متاثرہے جبکہ ائرٹیل اور دیگر کمپنیوں کے فون معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔ ممہ خان کے رہائشی فاروق احمد نے بتایا کہ مختلف امتحانات کی تیاری میں مصروف طلباء ذہنی کوفت کا شکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شکایتیں درج کرنے کے باوجود صارفین کے مشکلات کو حل کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔