محمد تسکین
بانہال// پچھلے تین روز سے مسلسل بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ جمعرات کی صبح رامسو کے ہنگنی علاقے میں پتھروں اور پسیوں کے گر نے کیوجہ سے کم از کم پانچ گھنٹوں تک بند رہی۔شاہراہ صبح قریب دس بجے ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کی گئی ۔ شاہراہ کے بند ہونے کیوجہ سے ادہمپور ، نگروٹہ اور قاضی گنڈ میں سحری کے وقت سے ہی روکا گیا مسافر ٹریفک قریب گیارہ بجے دوبارہ بحال کیا گیا جو رام بن بانہال سیکٹر میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے طویل ٹریفک جام میں پھنس گیا ۔ جام کیوجہ سے رامسو اور بانہال کے درمیان پندرہ کلومیٹر کی مسافت طے کرنے میں مسافر گاڑیوں کو چار سے پانچ گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسا رہنا پڑا۔جبکہ رامسو، کھڑی ،پوگل پرستان ،نیل۔چملواس اور بنکوٹ چاپناڑی سے آنے والے ہزاروں لوگوں کو بانہال اور واپس گھروں کو پہنچنے میں کئی گھنٹے لگے۔ درجنوں مسافروں نے ریل پکڑنے کیلئے مختلف مقامات سے ریلوے سٹیشن بانہال تک پیدل ہی سفر کیا۔