محمد تسکین
بانہال// بدھ کی علی الصبح سے رام بن اور بانہال سیکٹر میں ہوئی بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کم از کم چار گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوپہر دو بجے سے جزوی طور بحال کر دی گئی۔بدھ کی صبح دس بجے کیلا موڑ ٹنل اور سیری رام بن کے مقام پر پہاڑوں اور نالوں سے بھاری مقدار میں گرآئے بھاری ملبے ، پتھر ، کیچڑ اور پسیوں نے کیلا موڑ ٹنل نمبر دو میں اور سیری سڑک پر ملبے کے ڈھیر جمع کئے ۔ پسیوں کی شدت سے کشمیر سے جموں جانے والی سڑک یا ٹیوب مکمل طور سے بند ہوگیاجبکہ جموں سے کشمیر آنے والی لین یا ٹیوب جزوی طور بند ہوگئے ۔ضلع حکام نے بتایا کہ شاہراہ کے بند ہونے سے پہلے ہی جموں سے پہلگام اور بالتل کے راستے جارہے یاترا ٹریفک میں شامل 118 چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں میں سوار 2837 یاتریوں نے متاثرہ علاقے کو پار کیا تھا تاہم واپس آنے والے 24 گاڑیوں میں سوار 143 یاتریوں کو کیلا موڑ رام بن میں روک دیا ۔ بالتل کے راستے واپس آنے والے 3582 یاتریوں پر مشتمل 102 چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں کو بانہال کے لامبر گرائونڈ میں قائم لنگر سائٹ پر کچھ وقت کیلئے درماندہ رہنا پڑا ۔شاہراہ بند ہونے کے پیش نظر حکام نے دو بجے تک ادہمپور اور قاضی گنڈ کے علاوہ شاہراہ کے مختلف مقامات سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی ۔ادھر کشتواڑ-سنتھن سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی بحال ہو گئی ہے، جس سے مسافروں کو راحت ملی ہے۔