شاہراہ پھر بند رہی، سینکڑوں میوہ گاڑیاں درماندہ

بانہال /محمد تسکین /منگل کو جموں سرینگر شاہراہ ایک بار پھر ہر طرح کی گاڑیوں کیلئے بند رہی۔حکام نے منگل کی صبح کہا کہ رام بن کے مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ علاقوں میں؎شاہراہ کی کشادگی اور مرمتی کام کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رے گی۔شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں سیبوں سے لدھے ٹرک اور مسافر بردار گاڑیاں ضلع رام بن کے علاوہ قاضی گنڈ ، نگروٹہ ، ادہمپور اور چیننی میں روک دیئے گئے ۔ تعمیراتی کمپنیوں کی طرف سے صبح تین بجے سے سات بجے تک کے مخصوص اوقات میں مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ کے مقامات پر شاہراہ کی کشادگی کیلئے مرمتی کام کے بعد کیفٹیریا موڑ کے مقام پر پتھروں کے گرنے کا سلسلہ شام تک جاری رہا ۔ منگل کی دوپہر بعد تک پتھر مسلسل گرتے رہے تاہم دوپہر بعد سے بیچ بیچ میں پتھر گرتے رہے لیکن حکام نے اس دوران تین سو کے قریب گاڑیوں کو اپنی اپنی مزلوں کی طرف نکالا ۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن پارول بھاردواج نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کی صبح تین بجے سے بند شاہراہ کے نتیجے میں سیبوں سے لدھے سینکڑوں ٹرک اور مسافر گاڑیاں رام بن اور رامسو کے درمیان درماندہ ہیں جبکہ دیگر ٹریفک کو صبح سے ہی نگروٹہ ، ادہمپور ، چیننی اور بانہال ٹنل کے پار روک دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ کیفٹیریا موڑ پر پتھر صاف کرکے کئی بار ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بحالی ممکن نہیں ہو سکی ہے اور منگل دوپہر بعد سے شام تک مشکل سے تین سو کے قریب گاڑیوں کو ہی نکالا جا سکا ۔