محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح قریب دس بجے رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں پیش آئے پیٹرول ٹینکر کے ایک دلدوز حادثے میں ٹینکر کا ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا ہے اور شاہراہ سے نیچے گرنے کے بعد پیٹرول ٹینکر نے اگ پکڑ لی اور ٹینکر جل کر راکھ ہوگیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پیٹرول سے لدھا ٹینکر نمبر JK-02BV/4585 بھارت پٹرولیم ڈپو جموں کا تھا اور جموں سے سرینگر کی طرف جانے کے دوران یہ ٹینکر بیٹری چشمہ کے علاقے میں شاہراہ سے کم از کم 1000 فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک سے نیچے گرتے ہی پیٹرول سے لدھے ٹینکر نے آگ پکڑلی اور اس کا ڈرائیور جھلس کر لقمہ اجل بنا جبکہ نالہ بشلڑی سے سڑک کے کنارے تک جھاڑیوں میں آگ لگ گئی اور فائر سروس کو بلانا پڑا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد رام بن پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں نے بچاو کاروائیوں کا اغاز کیا اور بچاو آپریشن کی کاروائی کے دوران ٹینکر ڈرائیور کی لاش جلی ہوئی حالت میں سڑک سے نیچے کھائی سے برآمد کرکے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کی گئی۔ ڈرائیور کی شناخت رجھت تھاپا ولد چرن داس سکنہ جموں معرفت بھارت پٹرولیم ڈپو جموں کے طور کی گئی ہے اور مہلوک ڈرائیور کی عمر 30/32 سال بتائی جاتی ہے۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن رام بن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور قانونی لوازمات کیلئے لاش کو ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا ہے۔
شاہراہ پر پٹرول ٹینکر حادثے کا شکار گاڑی کھائی میں گرنے کے بعد آگ لگنے سے ڈرائیور کی موت
