بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر پسیوں کوہٹا کرسات روز بعد مال اور مسافر بردارگاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ادہمپور اور رام بن کے درمیان راستے میں سات روز سے درماندہ پڑی مال بردارٹرکوں کو پہلے چلنے کی اجازت دی گئی اور بعد میں بدھ کی دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب جموں سے بھی مسافرگاڑیوں کو وادی کی طرف چھوڑ ا گیا۔ کشمیر اور وادی چناب کے علاقوں میں شاہراہ کے بند رہنے کی وجہ سے اشیاء خورد و نوش کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔ کل ایندھن ، سبزی ، بھیڑ بکریوں اور دیگر سامان سے لدھی گاڑیاں سات روز بعد حرکت میں آگئیں اور بدھ کی شام تک سینکڑوں گاڑیوں نے ٹنل پارکی تھی۔ دوپہر ڈیڑھ بجے بعد جموں سے چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کو بھی وادی کی طرف چھوڑ دیا گیا تاہم کشمیر سے جموں کی طرف کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس دوران بانہال ریلوے سٹیشن سے بھی درجنوں گاڑیاں مسافروں کو لیکر جموں روانہ ہوئیں۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مہاڑ کے پاس پسی کوصاف کیا گیا اور بعد میں ادہمپور ، منوال ، بتراہ جموں ، سدرہ اور بائی پاس سے ٹرکوں کو وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے درمیان کا سیکٹر لگاتار خطرہ بنا ہوا ہے اور موسم خراب رہنے کی صورت میں اس پر مزید پسیاں گر آنے کا خطرہ برابر لاحق ہے۔