محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو کے موم پسی کے علاقے میں ایک ٹرک کے سڑک پر پلٹنے کی وجہ سے ٹرک کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے جبکہ سڑک کا بیشتر حصہ پلٹے ٹرک کی زد میں آنے سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی کچھ وقت کیلئے معطل رہی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے وادی کشمیر کی طرف انے والا ایک ٹرک نمبر JK-02CA/5074 شاہراہ کی پچھلی دیوار سے ٹکرانے کے بعد سڑک پر ہی پلٹ گیا اور اس حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جس کی شناخت محمد عارف ولد جاوید احمد ساکنہ چینینی ادھم پور کے طور کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ رامسو پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی کے رضاکاروں نے فوری بچائو کاروائی کرکے زخمی کو پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو کی موم پسی میں مال بردار ٹرک کے پلٹ جانے کی وجہ سے شاہراہ کا دو طرفہ ٹریفک متاثر رہا اور دونوں طرف سے بھاری ٹریفک جام لگ گیا۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ اس ٹرک کو سڑک سے ہٹانے کیلئے نیشنل ہائے اتھارٹی کی مدد سے تعمیراتی کمپنی کے کرین سے اس گاڑی کو سڑک سے ہٹاکر معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرف کے ٹریفک کو معمول پر لانے میں مزید دو گھنٹوں سے زائد کا وقت لگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بدھ کی صبح امرناتھ یاترا کے ٹریفک میں بالتل کے راستے سے جانے والا ایک ہی قافلہ شامل تھا اور 22گاڑیوں میں 635 یاتریوں نے پوتر گپھا کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں بدھ کی صبح بارشوں کے باوجود امرناتھ یاترا کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے مقررہ اوقات کے اندر اندر رام بن بانہال کے سیکٹر ڈے گزر کر وادی کشمیر روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی شام تک معمول کا ٹریفک جاری تھا اور دو طرفہ مسافر ٹریفک کو نکالنے کے بعد ادھم پور سے مال بردار گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔