بانہال // اتوار کے روز دوسرے دن بھی جموں سرینگر شاہراہ پر وادی کشمیر سے جموں کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی لیکن یکطرفہ ٹریفک کے باوجود کئی مقامات پر تنگ سڑک کے باعث ٹریفک جام ہوا۔ بانہال اور رامسو کے درمیان ٹریفک جام رہا اور کئی مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت سست رفتار رہی۔ بانہال علاقے میں ٹریفک جام کا سلسلہ شام تک جاری تھا۔ ٹریفک جام کی وجہ سے چملواس ، کھارپوہ، گنڈ عدلکوٹ ، قصبہ بانہال اور نوگام تک کے علاقے میں عام لوگوں اور مقامی مسافر گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ بانہال کے نزدیک شابن باس کے مقام پر ملبے کے ڈھیر شاہراہ پر گرے تھے،جسکی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت سست رہی جو وقفے وقفے کے ٹریفک جام کا سبب بنی۔ ٹریفک حکام نے کہا ہے کہ موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت دی جائے گی۔