محمد تسکین
بانہال// منگل کی سہ پر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے نزدیک اوپر جنگلاتی علاقے میں لگی آگ کیوجہ سے ایک درخت ٹرک پر گرا، جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور کی موت ہوگئی جبکہ کنڈیکٹر زخمی ہوا ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی رضاکاروں کی ٹیمیں یہاں پہنچ گئیں۔ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال سے قریب 9 کلومیٹر دور ناچلانہ کے اوپر جنگلاتی علاقے میں آگ کی زد میں آیا ہوا ایک بڑا درخت جموں کی طرف جارہے ٹرک زیر نمبر03A/1677 JK پر گر آیا جس کی وجہ سے ٹرک کا کیبن مکمل طور سے تباہ ہوگیا ۔ اس حادثہ میں ٹرک ڈرائیو کی موت واقع ہوگئی جبکہ کنڈیکٹر زخمی ہوا ۔ بچاو کارروائی سے پہلے ہی ٹرک ڈرائیور لقمہ اجل بن چکا تھا جبکہ زخمی کنڈیکٹر کو فوری طور پر ٹرک کے تباہ کیبن سے نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مہلوک ڈرائیور کی شناخت مزمل گل شیخ ( 25 سال) ولد گل محمد شیخ ساکن ہلڑ ڈورو شاہ آباد اننت ناگ کے طور کی ہے۔ زخمی کی شناخت اویس احمد ساکن اننت ناگ کے طور کی گئی ہے، اسکی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی لوازمات کے بعد مہلوک ڈرائیور کی میت کو اس کے آبائی گاؤں روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔