بانہال // وادی میں سنیچر کو دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔اس دوران شاہراہ پر کچھ گھنٹوں کیلئے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی معطل رہی۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ وادی سمیت ریاست کے بیشترعلاقوں میں جمعہ کی شام سے بارشیں اوربرف باری شروع ہوئی جورات بھرجاری رہی ۔ترجمان کے مطابق شہرسری نگرسمیت پوری وادی میں رات بھربارشوں کاسلسلہ جاری رہاجبکہ بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوتی رہی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کاکہناتھاکہ جواہرٹنل کے آرپارزیادہ ترعلاقوں میں متواتربارشیں ہوتی رہیں ۔ترجمان نے بتایاکہ شمالی کشمیرمیں سادھناٹاپ ،فرکیاں ٹاپ اورزیڈگلی جیسے اوپری مقامات پرہلکی تادرمیانہ درجے کی برف باری ہوئی۔ترجمان کے مطابق کپوارہ میں سب زیادہ 51ملی میٹر جبکہ شہر سرینگر میں 4.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران سادھناٹاپ،فرکیاں اورزیڈگلی پرتازہ برف باری ہونے کے بعدکپوارہ کرناہ شاہراہ کوبھی بندکردیاگیا،جبکہ سرینگرلیہہ شاہراہ ،گریزبانڈی پورہ شاہراہ اورمغل روڑ دسمبر2017سے بندپڑے ہیں ۔محکمہ موسمیات نے جموں ،کشمیراورلداخ کے میدانی وبالائی علاقوں میںمو سمی صورتحال اگلے 12گھنٹوں تک جوں کی توں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہو ئے امکان ظاہرکیاکہ اتوار صبح سے موسمی صورتحال پھرمعمول پرآجائیگی ۔ادھرغلام نبی رینہ کے مطابق سنیچرکو کنگن ،وسن ،گنڈ ،کلن، گگن گیر، میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صحت افزا مقام سونہ مرگ ،زوجیلا، پنجترنی، میں برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔دریں اثناء ایس ایس پی ٹریفک شاہراہ سنجے بھگت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن کے نزدیک ماروگ کے مقام پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت کم از کم اڈھائی گھنٹے تک متاثر رہی۔تاہم ملبے اور پتھروں کو صاف کرنے کے بعداسے دوبارہ بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ ، ڈگڈول اور پنتھیال کے مقام پر وقفے وقفے سے گرتے پتھروں کی وجہ سے کئی بار ٹریفک کو رک رک کر چلنے کی اجازت دی گئی تاکہ مسافروں کے جان و مال کو یقینی بنایا جاسکے۔ہفتے کی شام رام بن بانہال سیکٹر میں مطلع ابر آلود تھا اور وقفے وقفے سے ہلکی بارشیںبھی ہورہی تھیں ۔ بانہال اور رام بن کی کئی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی ۔